• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے 4 بار الیکشن مواقع کیوں ضائع کیے، پرویز خٹک

فوٹو فائل
فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز بنانے والے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سوچنا چاہیے تحریک انصاف نے تین چار بار الیکشن کے مواقع کیوں ضائع کیے، پی ٹی آئی نے کیوں یہ وقت ضائع کیا یہ ایک بہت بڑا راز ہے۔

ایک بیان میں پرویز خٹک نے کہا کہ کیا ہم نے جمہوریت کے راستے پر چلنا ہے یا انتشار کے راستے پر، یہ سوال بہت گہرا ہے، کیا وجوہات ہیں کہ تحریک انصاف نے الیکشن تسلیم نہیں کیا؟

سابق وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف نے کیوں یہ وقت ضائع کیا یہ ایک بہت بڑا راز ہے، جب یہ راز کھلے گا تو سب کی آنکھیں کھل جائیں گی کہ تحریک انصاف کا پروگرام کیا تھا؟

انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ ہم خیال ارکان اسمبلی اکٹھے ہوئے، ہمارا متفقہ فیصلہ ہے کہ نئی جماعت پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کی بنیاد رکھیں گے، پارٹی منشور اور جھنڈے سے متعلق جلد اعلان کریں گے، ہمارا فیصلہ پاکستان کے مفاد میں ہوگا۔

پرویز خٹک نے یہ بھی کہا کہ میں نے اور محمود خان نے صوبے میں دو بار حکومت کی، ہماری ٹیم نے خیبر پختونخوا کی خدمت کی اور نتیجہ بھی سامنے آیا، ہم نے خیبر پختونخوا میں سہولت صحت کارڈ، پشاور بی آر ٹی، سوات موٹر وے بنائی، خیبر پختونخوا میں سیاحت کو فروغ دیا، سڑکوں کا جال پہنایا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹرین بنانے کا اعلان کر دیا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ سانحہ 9 مئی جیسے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستان کے وجود سے ہی ہم سب کا وجود ہے۔

پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا سے مکمل خاتمہ ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی نئی جماعت میں شامل ہو گئے ہیں۔

سابق رکن قومی اسمبلی شوکت علی اور سابق وزیر اشتیاق ارمڑ بھی پرویز خٹک کی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ 57 سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

سابق مشیر تعلیم ضیاء اللّٰہ بنگش، سابق ایم پی اے ارباب وسیم، آغا اکرام اللّٰہ گنڈاپور، غزن جمال، احمد حسین، احتشام جاوید اور سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر آسیہ اسد بھی پی ٹی آئی پارلیمنٹرین میں شامل ہو گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق محب اللّٰہ خان، محمد اقبال خان، انور زیب خان، ظہور شاکر، شیر اکبر خان، تاج محمد خان، عزیز اللّٰہ خان گران، فضل مولا، محمد اعظم خان، محمد دیدار، سید عبدالغفار، فرید صلاح الدین، قلندر خان لودھی، افتخار علی مشوانی، ابراہیم خان خٹک، پیر فدا محمد، ملک واجد اللّٰہ، محمد شفیق، سید اقبال، شاہ فیصل، ساجدہ ذوالفقار، نادیہ شیر، سومی فلک ناز، سومیہ بی بی، ولسن وزیر، عرفان کنڈی اور مصور خان بھی پرویز خٹک کی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید