کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی، ناگن چورنگی، پاور ہاؤس اور دو منٹ چورنگی چند منٹ کی بارش کے بعد تالاب بن گئی، بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی میں کچھ دیر کی بارش نے انتظامی نااہلی کی قلعی کھول دی، مختلف مقامات پر ہلکی اور تیز بارش کے بعد نظام زندگی متاثر ہوگیا، ناگن چورنگی میں بارش کے بعد سیورج کی لائن پھٹ گئی، پانی روڈ پر جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، کئی گاڑیاں سڑک پر خراب ہوگئیں، میٹرو اسٹیشن کی چھت سے بھی پانی ٹپکنے لگا۔
گلشن معمار، نیو کراچی، سرجانی، نارتھ کراچی اور گلشن معمار میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، نارتھ کراچی میں 41 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
نارتھ ناظم آباد، سپر ہائی وے، نیشنل ہائی وے، شاہ لطیف ٹاؤن اور اسکیم 33 میں بھی بارش ہوئی، بارش کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
مون سون کا دوسرا اسپیل، محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کر دیے
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 41.6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گلشن معمار میں 16.2 ، گلشن حدید اور اورنگی ٹاؤن میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
سعدی ٹاؤن میں 1.5 یونیورسٹی روڈ پر 1.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، سب سے کم بارش جناح ٹرمینل پر 0.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
اس سے قبل شہر میں موسم شدید گرم تھا تاہم بارش کے بعد گرمی کی شدت کسی حد تک کم ہوئی ہے۔