• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: نوجوان نے غیرت کے نام پر بہن کا سر قلم کر دیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی ریاست اُتر پردیش میں ایک نوجوان نے اپنی بہن کو غیرت کے نام پر قتل کرکے خود کو گرفتاری کے لئے پیش کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اُتر پردیش کے علاقے بارہ بنکی کا ایک 22 سالہ ریاض نامی نوجوان اپنی 18 سالہ بہن آصیفہ کا سر قلم کر کے اس کا سر لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔

اے ایس پی آشوتوش مشرا کے مطابق ریاض نے مبینہ طور پر اپنی بہن کا سر تیز دھار ہتھیار آلے سے قلم کیا اور اس کا سر ہاتھ میں اُٹھا کر پولیس اسٹیشن آکر گرفتاری دے دی۔

پولیس کے مطابق آصیفہ اپنے عاشق چاند بابو کے ساتھ گھر سے بھاگ گئی تھی جو اسی علاقے کا رہائشی تھا، تاہم چند دنوں بعد پولیس نے اسے بازیاب کروا کر لڑکی کے اہل خانہ کی شکایت پر چاند بابو کو گرفتار کرلیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اے ایس پی کا کہنا ہے کہ ریاض کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے اور مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔

پولیس نے بتایا کہ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ریاض اپنی بہن کے رشتے کے مخالف تھا اور اس معاملے پر دونوں میں اکثر جھگڑا رہتا تھا۔

اے ایس پی کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید