بالی ووڈ کے فلمساز کبیر خان نے انکشاف کیا ہے کہ مرحوم اداکار عرفان خان فلم نیویارک میں نواز الدین کا سین دیکھ کر رو پڑے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کبیر خان نے جان ابراہم اور کترینہ کیف کے مرکزی کرداروں پر مبنی 2009ء کی فلم ’نیویارک‘ کا واقعہ شیئر کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عرفان خان نے مجھ سے نواز الدین صدیقی کا سنگل ٹیک میں دیا گیا، سین دکھانے کا کہا۔
فلمساز نے مزید کہا کہ عرفان خان نے جب نواز الدین کی اداکاری دیکھی تو وہ روپڑے اور انہوں نے نواز کو گلے لگالیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ نواز الدین صدیقی کو فلم میں مختصر کردار کے لیے سائن کیا گیا، انہوں نے ایسے مشتبہ شخص کا کردار نبھایا، جسے گرفتار کرکے حراست میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
کبیر خان نے بتایا کہ نواز الدین صدیقی نے تین سے چار منٹ کا سین لگاتار کیا، مجھے اس کےلیے دوسرا ٹیک بھی نہیں لینا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب میں نے سین مکمل ہونے پر کٹ کہا تو اُس وقت کئی لوگوں کی آنکھوں میں آنسو تھے تو کچھ تالیاں بجارہے تھے۔
فلمساز نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ اس دن آدھے گھنٹے بعد عرفان صدیقی میرے پاس بھاگ کر آیا اور کہا کہ ہر کوئی نواز الدین کی پرفارمنس سے متعلق بات کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پھر میں نے عرفان خان کو اسکرین دکھائی، وہ سین دیکھ کر رو پڑے، انہوں نے نواز الدین کو آواز دی اور گلے لگایا۔ وہ یاد گار لمحہ تھا۔
اس وقت نواز الدین کی صلاحیت سامنے آگئی تھیں، پھر میں نے 2015ء میں اُس کے ساتھ بلاک بسٹر فلم بجرنگی بھائی جان کی، جس میں مرکزی کردار سلمان خان اور کرینہ کپور نے ادا کیا تھا۔
عرفان خان اور نواز الدین صدیقی نے فلم نیویارک کے بعد دی لنچ باکس اور بائی پاس میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔