مون سون سیزن میں بادل کراچی پر مہربان ہوگئے، کہیں بوندا باندی کہیں بارش ہوئی، شہر کے مختلف علاقوں میں اندھی اور تیز ہوا بھی چلی، 24 اور 25 جولائی کو بھی بارش متوقع ہے۔
دوپہر میں گرمی تھی، پھر بادلوں نے کراچی کا رخ کیا، کہیں بارش تو کہیں بوندا باندی ہوئی۔ سرجانی، قائد آباد، صدر، کورنگی، ڈیفنس، گلستان جوہر سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔
یونیورسٹی روڈ سمیت متعدد سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی میں 20 ملی میٹر ہوئی، قائدآباد میں 10 اعشاریہ5، نارتھ کراچی میں 8.7 ملی میٹر، اورنگی ٹاؤن میں 7.2، کیماڑی میں 7، ناظم آباد میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 اور 25 جولائی کو شہر میں بارش متوقع ہے۔ موسمیاتی تجزیہ کاروں نے آئندہ 24 گھنٹوں میں تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ایم نائن موٹر وے پر بھی تیز بارش ہوئی ہے۔