وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے نگراں وزیراعظم بنائے جانے سے متعلق سوال کا جواب دے دیا۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں اسحاق ڈار سے نگراں وزیراعظم بنائے جانے سے متعلق سوال کیا گیا۔
اینکر نے وفاقی وزیر سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو نگراں وزیراعظم بنایا جارہا ہے؟ تو انہوں نے اس کی تردید نہیں کی۔
سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اب تک ہر ذمے داری بخوبی نبھائی ہے، اللّٰہ نے جس سے جو کام لینا ہو لے لیتے ہیں۔
اس سے قبل جیو نیوز نے یہ خبر نشر کی تھی کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نگراں وزیراعظم بنایا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی دونوں بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں اسحاق ڈار کے نام پر مشاورت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی اسحاق ڈار کے نام پر باقی سیاسی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لے رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار بطور نگراں وزیراعظم اسٹیبلشمنٹ کو بھی قابل قبول ہیں۔