امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ کراچی میں نلکوں میں پانی نہیں آ رہا ٹینکر مافیا کے پاس آ رہا ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کمی ہونی چاہیے، اربوں روپے کھا کر کہتے ہیں کہ چوری ہو رہی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی میں بارشوں کے بعد معمولاتِ زندگی متاثر ہو جاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال شادمان نالے میں دورانِ بارش فیملی گر گئی تھی، تیز بارش ہو گئی تو شہر کی کیا صورتِ حال ہو گی، تصور سے بھی باہر ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ ماضی میں ایڈمنسٹریٹر بھی مرتضیٰ وہاب تھے آج بھی وہی میئر ہیں، اس وقت صوبے کا جو حال ہے یہاں ایمرجنسی نافذ ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آج تک ٹاؤن چیئرمینز کو اختیارات بھی نہیں دیے گئے، یو سی کے لوگوں کو بھی اختیار نہیں دیا گیا، لوگوں نے خطوط بھی لکھے ہیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی کے حال پر رحم کیا جائے، یہ تماشہ ختم ہونا چاہیے، مڈل کلاس طبقہ رل گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کو اب نگراں وزیرِ اعظم بنایا جارہا ہے، زیادہ زمینیں رکھنے والے ظالم لوگ ٹیکس نہیں دے رہے، ان لوگوں کی حفاظت اسحاق ڈار کر رہے ہیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ خود ٹیکس لگاتے ہیں، آئی ایم ایف ان کو مجبور نہیں کرتا۔