وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ چین کی طرح ہماری سوسائٹی کو بچت، سادگی اور تعلیم کا کلچر بنانا ہوگا۔
سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے سی پیک کو سائنسی منصوبہ بندی کے تحت لے کر چلنا ہے، سی پیک پروجیکٹ کیلئے ہم آسان راستہ اختیار کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اس وقت بہت سے شعبوں میں مل کر کام کر رہے ہیں، دونوں ممالک ہم آہنگی سے سی پیک پروجیکٹ کو آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے مصیبت کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا، چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان کو دنیا کا اعتماد حاصل ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 2018 کے بعد سی پیک کی رفتار ٹوٹی جس سے پاکستان کا نقصان ہوا، پچھلے 4 سال میں کام رکا، ہم نے اسے مکمل کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ملک موسمیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر ہے، یوکرین جنگ نے دنیا کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔