• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن پیپلز پارٹی کیخلاف اتحاد بنانے کی کوشش کر رہے ہیں: شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی—فائل فوٹو
شاہ محمود قریشی—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین، سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن پیپلز پارٹی کے خلاف اتحاد بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، خواجہ آصف نے غیر پارلیمانی گفتگو کی۔

اسلام آباد میں شاہ محمود قریشی نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے کراچی میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں۔

عدالت میں اپنی سماعت سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سماعت پر جج نے پراسیکیوشن سے ثبوت سامنے لانے کا کہا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے بل پر تحفظات ہیں، حکومتی اتحادی جماعتوں کے بھی انتخابی اصلاحات بل پر تحفظات ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ رضا ربانی نے بھی انتخابی اصلاحات بل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، تحریکِ انصاف کو انتخابی اصلاحات کے بل سے دور رکھا جا رہا ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین کا مزید کہنا ہے کہ نگراں حکومت سے منتخب حکومت کا کام لینا بے ایمانی ہو گی۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا ہے کہ ن لیگ کے اندر سے نگراں وزیرِ اعظم کے ناموں پر تحفظات آئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید