متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر ہاوس کراچی میں ملاقات کی۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی موجود تھے۔ ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول، مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر بھی موجود تھے۔ ایم کیوایم وفد نے وزیراعظم کو کراچی میں بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور لوڈ شیڈنگ سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کو پیر کو کےالیکٹرک انتظامیہ سے فوری ملاقات کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کے الیکٹرک انتظامیہ سے ملاقات میں ایم کیوایم کی نمائندگی بھی یقینی بنائیں۔
دریں اثنا ملاقات کے دوران ایم کیو ایم نے عام انتخابات اور مردم شماری پر تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھ دیے۔
ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق عام انتخابات نئی مردم شماری پر ہوں گے یا پرانی پر، فیصلہ نہیں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کہ عام انتخابات سے متعلق فیصلہ ایم کیو ایم کو اعتماد میں لے کر کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نگراں حکومت سے متعلق فیصلہ بھی ایم کیو ایم کو اعتماد میں لے کر کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق عاشورہ کے بعد وزیراعظم سے ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور ملاقات متوقع ہے۔