فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے تمام اکاؤنٹس منجمد کردیے ہیں۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق پی آئی اے پر 4 ارب روپے ٹیکس واجب الادا ہے۔ واجبات کی عدم ادائیگی پر قومی ایئر لائن کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔
پی آئی اے نے ٹکٹس پر مسافروں سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 4 ارب روپے اکٹھے کر رکھے ہیں۔
اکاؤنٹس منجمد کیے جانے کے بعد پی آئی اے کو طیاروں کےلیے فیول کی خریداری کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے قومی ایئر لائن کی متعدد پروازوں کو فیول کی فراہمی سے انکار کردیا ہے۔
پی آئی اے کی کراچی سے جانے والی 7 پروازیں ایندھن کے حصول میں مشکلات کے باعث منسوخ کردی گئی ہیں۔ جن میں پرواز پی کے 370، پرواز پی کے 306، پرواز پی کے 350، پرواز پی کے 310، پرواز پی کے 302 شامل ہیں۔
ان پروازوں نے کراچی سے اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، بہاولپور اور رحیم یار خان جانا تھا۔
دوسری طرف اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پی کے 309، کراچی سے ملتان کی پرواز پی کے 330 اور ملتان سے جدہ کی پرواز پی کے 739 بھی تاخیر کا شکار ہے۔