• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توشہ خانہ کیس، گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری

سپریم کورٹ آف پاکستان—فائل فوٹو
سپریم کورٹ آف پاکستان—فائل فوٹو

سپریم کورٹ آف پاکستان نے  توشہ خانہ کیس میں  اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر گزشتہ روز ہونے والی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کو بتایا گیا کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا، ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل ہائی کورٹ میں زیرِ التواء ہے۔

سپریم کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ عدالت کو بتایا گیا کہ معاملے سے متعلق مزید مختلف درخواستیں ہائی کورٹ میں زیرِ التواء ہیں، فریقین اس بات پر متفق ہیں کہ تمام درخواستوں کو یکجا کر کے اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہو۔

عدالت نے کہا کہ ہائی کورٹ انصاف کے تقاضوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تمام درخواستیں یکجا کر کےسماعت کرے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانے کے مقدمے کو قابلِ سماعت قرار دینے کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے عدالتی دائرہ اختیار کو بھی ہائی کورٹ میں چیلینج کیا گیا ہے۔

توشہ خانہ ٹرائل کورٹ کے جج ہمایوں دلاور کے خلاف درخواست بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس کسی دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست بھی ہائی کورٹ میں دائر کر رکھی ہے۔

قومی خبریں سے مزید