• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں فوری حکم امتناع نہ مل سکا

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں فوری حکم امتناع نہ مل سکا، عدالت نے حکم امتناع کی درخواست آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کردی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے احکامات جاری کیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ سے متعلقہ تمام کیسز آئندہ ہفتے کیلئے مقرر کردیے۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس قابل سماعت قرار دینے کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ توشہ خانہ کیس قابل سماعت ہونے کے خلاف اپیل اور ٹرانسفر درخواستوں کو سپریم کورٹ نے سننے کا کہا ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے سپریم کورٹ کا آرڈر آ جائے تو دیکھ لیتے ہیں۔

درخواست گزار کی جانب سے خواجہ حارث اور امجد پرویز ایڈووکیٹ جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے۔ 

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سپریم کورٹ کا آرڈر تھا کہ تمام پٹیشنز آج کے لیے مقرر کی جائیں؟ خواجہ حارث نے کہا کہ سپریم کورٹ نے دائرہ اختیار اور ٹرانسفر کی درخواستیں سننے کا کہا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ سے ہم بھی پتہ کروالیتے ہیں آفیشل چینل سے ہمیں بھی کاپی آنی ہے۔ 

خواجہ حارث نے کہا کہ ملزم کی غیر موجودگی میں گواہوں کے بیانات پر جرح ہوئی، ٹرائل حتمی مرحلے میں ہے جب تک یہ فیصلہ نہیں ہوتا ٹرائل پر اسٹے دیا جائے۔ ٹرائل کورٹ نے کہا ہے کہ ناقابل ضمانت وارنٹ نکال دیں گے۔

قومی خبریں سے مزید