• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگلے حج پر ڈالر میں نہیں روپے میں رقم وصول کریں گے، وفاقی وزیر مذہبی امور

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی وزیر مذہبی امور طلحہ محمود نے کہا ہے کہ اگلے حج پر ڈالر میں نہیں پاکستانی روپے میں حجاج کرام سے رقم وصول کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ ہماری وزارت کو وقت بہت کم ملا لیکن حج انتظامات کےلیے بھرپور محنت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زرمبادلہ کی وجہ سے مسائل کا شکار رہے، اگلے حج پر ڈالر میں نہیں پاکستانی روپے میں حجاج کرام سے رقم وصول کریں گے، میری کوشش ہے کہ اگلا حج سستا فراہم کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگلے سال کےلیے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا کوٹہ لے کر آئے ہیں۔

طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ اب پورے سال حج کے انتظامات کیے جاسکیں گے، یہ پاکستانیوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اب حج کے بہتر انتظامات کرسکیں گے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ اس سال ایک لاکھ 60 ہزار سے زیادہ عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی، زرمبادلہ سے متعلق وزارت خزانہ نے بروقت اقدامات کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسز بڑھنے کے باوجود ہم نے ریال کے مقابلے میں کم پیسوں میں حج کروایا، مدینہ منورہ میں سب سے پہلے ہماری سروس شروع ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ مسجد نبویﷺ کے نزدیک حاجیوں کی سہولت کےلیے مرکز بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ حجاج کرام کو 55 ہزار روپے پہلے واپس کیے ہیں، حجاج کرام کو 97 ہزار روپے پیر کو واپس کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مرکزیہ سے باہر جن حجاج کرام کو رہائش ملی ان کو 97 ہزار روپے بھی ملیں گے، ٹرین نہ استعمال کرنے والوں کو 97 ہزار کے ساتھ 21 ہزار روپے واپس ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے 4 ارب روپے پہلے واپس کیے اور 12 ارب روپے مزید واپس کریں گے۔

طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ بحری جہاز اور زمینی راستے کے ذریعے حج مزید سستا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے حجاج سے 15، 15 اور 25، 25 لاکھ روپے لیے گئے۔

قومی خبریں سے مزید