کراچی (جنگ نیوز)رکن قومی اسمبلی کشمالہ طارق نے کہا ہے کہ خواتین کو وہ لوگ ہراساں کرتے ہیں جو پڑھی لکھی عورت کو برداشت نہیں کرسکتے۔ اُنہوں نے کہا کہ جو ترقی کی منازل طے کررہا ہو اس کی ٹانگیں کھینچی جاتی ہیں ، کسی کے جھوٹ یا بہتان لگانے سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اُنہوں نے بتایا کہ میں کسی ٹی وی شو میں اس لئے نہیں جاتی کہ ہم سیاستدانوں کا وہاں مذاق اڑایا جاتا ہے۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے ”جیونیوز“ کے مقبول پروگرام ”خبرناک“ میں گفتگو کے دوران کیا۔ واضح رہے کہ عوام کا مقبول پروگرام ”خبرناک“ جمعرات سے نئے روپ، نئے جوش اور نئے سیٹ کے ساتھ نشر کیا جائے گا۔ سیاستدانوں کا مذاق اُڑانے کی بات پر شو کی ساتھی میزبان عائشہ نے کشمالہ طارق سے کہا کہ ”خبرناک“ میں سیاستدانوں کا نہیں بلکہ انکے قول و فعل میں جو تضاد نظر آتا ہے اسے موضوع بنایا جاتا ہے۔ اس بار ”خبرناک“ کی میزبانی علی میر (ڈمی) شیخ رشید بن کررہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ کنٹینر دیکھ کر مجھ سے رہا نہیں جاتا ، میری تقریر نکل جاتی ہے۔ بھانڈوں کا خبرنامہ اور برفانی چیتے کا احوال بھی پروگرام کا خاص حصہ ہیں۔ سیاسی نوک جھونک اور طنز و مزاح سے سجا دلچسپ شو ناظرین رات 11 بجکر5منٹ پر دیکھ سکیں گے۔