سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اراکین پارلیمنٹ کے غیر ملکی دوروں پر سوال اٹھادیے۔
ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں 25 اراکین نے نیویارک کے دورے پر کروڑوں روپے خرچ کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ خارجہ نے اب تک اخراجات کی تفصیل فراہم نہیں کی۔
سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ مشکل معاشی صورتِ حال سے دوچار ملک کے کروڑوں روپے، وہ بھی ڈالرز میں اڑانا قابلِ مذمت ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس غیر ضروری دورے کی تحقیقات ہونی چاہیے، اس دورے میں کئی سینیٹرز اپنے رشتے داروں کو بھی امریکا کی سیر کرانے ساتھ لے گئے تھے۔