• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ: پُر تشدد انتہا پسندی کی روک تھام کا بل پیش ہونے کے بعد ڈراپ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وزیرِ مملکت شہادت ایوان نے سینیٹ میں پُر تشدد انتہا پسندی کی روک تھام کا بل 2023ء پیش کر دیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پہلے مجوزہ بل پر ایوان سے رائے مانگی بعد میں بل کو ڈراپ کر دیا۔

پاکستان جنرل کاسمیٹکس بل سینیٹ سے بھی منظور

سینیٹر رانا مقبول نے پاکستان جنرل کاسمیٹکس بل 2023ء ایوان میں پیش کیا، قومی اسمبلی پہلے ہی اس بل منظور کر چکی ہے۔

ایوان نے جنرل کاسمیٹکس بل منظور کر لیا۔

رانا مقبول نے پاکستان نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا بل2023ء ایوان میں پیش کیا۔

شق وار منظوری کے بعد ایوان نے نیشنل ٹیکنالوجی انسٹیٹیوٹ بل2023ء منظور کر لیا۔

حمزہ کو ایوان میں بلا کر عزت دینی چاہیے، سینیٹر ثناء جمالی

سینیٹر ثناء جمالی نے جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیتنے والے حمزہ علی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمیں حمزہ علی کو ایوان میں بلا کر عزت دینی چاہیے۔

سینیٹ کا اجلاس بدھ 2 اگست دن 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

وزیر مملکت شہادت اعوان نے  توشہ خانہ ریگولیشن اور مینجمنٹ کا بل ایوان میں پیش کیا۔

توشہ خانہ ریگولیشن بل منظور

سینیٹ اجلاس میں توشہ خانہ ریگولیشن اور مینجمنٹ کا بل منظور کر لیا گیا۔

شہادت اعوان نے ایئر پورٹس کے بہتر انتظام، ترقی اور ایئر ٹرانسپورٹ سروسز کا بل بھی پیش کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے فرائض و اختیارات کا بل کمیٹی کو بھیج دیا۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ ایک دن کے لیے کمیٹی میں بھیج رہا ہوں، کمیٹی کل اپنا اجلاس بلائے۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان رویتِ ہلال بل 2023ء بھی کمیٹی کو بھیج دیا۔

 یہ بل کسی کے بھی خلاف استعمال ہوسکتا ہے: کامران مرتضیٰ

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ایسی قانون سازی کرنا ہو تو کم از کم اتحادیوں کو تو اعتماد میں لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بل کسی کے بھی خلاف استعمال ہو سکتا ہے، ایسا بل تاریخ کا حوالہ بن جائے گا، ایسا بل پاس نہ کیا جائے، اس بل سے برات کا اعلان کرتا ہوں۔

مولانا عبدالغفور حیدری کی بل کی مخالفت

مولانا عبدالغفور حیدری نے جے یو آئی ف کی طرف سے ایوان میں پُر تشدد انتہا پسندی روکنے کے بل کی مخالفت کر دی۔

انہوں نے کہا کہ بہت سارے معاملات اس بل کی زد میں آجائیں گے، اگر آپ نے زور سے نعرہ بھی لگایا تو کہا جائے گا کہ تشدد پر اکسایا جارہا ہے، آج اجلاس بلانے کی ضرورت تھی؟ کیا بل کو پاس کرنے کا مقصد تھا؟

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بل لانا میرا کام ہے اور ووٹ دینا آپ کا کام ہے۔

سینیٹر غفور حیدری نے کہا کہ جمعت علمائے اسلام بل کی مخالفت کرتی ہے۔ 

یہ بل تمام جماعتوں کے خلاف ہے: سینیٹر مشتاق

سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ پُر تشدد انتہا پسندی روکنے کے بل کی مخالفت کرتا ہوں، یہ بل پی ٹی آئی کے خلاف نہیں تمام سیاسی جماعتوں کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بل ایک پارٹی کو ٹارگٹ کر کے پیش کر رہے ہیں، یہ بل جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا، اس بل کی مخالفت کرتا ہوں۔

سینیٹر مشتاق احمد نے آج پیش کیے گئے بلوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بل کمیٹی میں بھیجے جانے چاہئیں، قومی اسمبلی میں کوئی اپوزیشن نہیں۔

یہ PTI کو انتخابات سے روکنے کا بل ہے: ہمایوں مہمند

سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ یہ اتنا اہم بل ہے اس سے بہت سے لوگوں کی زندگیوں پر فرق پڑ سکتا ہے، لگتا ہے کہ یہ تحریک انصاف کو عام انتخابات میں روکنے کا بل ہے، مجھے اس بل سے یہی بو آ رہی ہے۔

بل منظور ہوا تو ایوان سے واک آؤٹ کرونگا: طاہر بزنجو

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر طاہر بزنجو نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے اتحاد کے تمام بڑے فیصلے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کر رہی ہے، یہ بل جمہوریت کے خلاف ہے۔

سینیٹر طاہر بزنجو کا کہنا ہے کہ کسی جماعت کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، یہ بل جمہوریت پر کھلا حملہ ہے، ہم اس بل کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں، اگر بل منظور کیا گیا تو ایوان سے واک آؤٹ کروں گا۔

چیئرمین سینیٹ کا بل ڈراپ کرنے کا اعلان

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ آج اجلاس بل کے لیے نہیں بلکہ ایوان کے دن پورے کرنے کے لیے بلایا تھا، حکومت پُر تشدد انتہا پسندی روکنے کے بل کو ڈراپ کرے نہ کرے، میں ڈراپ کرتا ہوں۔

قومی خبریں سے مزید