صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ میں جمعیت علما اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے باجوڑ دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اعلامیہ ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومین کےلیے دعائے مغفرت بھی کی ہے۔ صدر مملکت نے زخمیوں کےلیے جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
صدر مملکت نے زخمیوں کی بروقت طبی امداد کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ میں جمعیت علما اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔
وفاقی وزیر شیری رحمان نے بھی باجوڑ میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں شہید افراد کے لواحقین اور جمعیت علما اسلام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کے زخمی کارکنوں کی جلد صحت یابی کےلیے دعا گو ہیں۔ سیاسی سرگرمی پر دہشتگردوں کا حملہ انتہائی تشویش ناک ہے۔