کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھکر گوٹھ میں باپ کو 3 بیٹوں اور اُن کے دوستوں نے تشدد کا نشانہ بنادیا۔
بھکر گوٹھ کے رہائشی متاثرہ شخص فقیر محمد نے ویڈیو بیان میں الزام لگایا کہ اُس پر بیٹوں نے تشدد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بیٹوں کو غیر قانونی اسلحے اور منشیات کا کام کرنے سے منع کیا، جس پر اُن تینوں نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر مجھے پر تشدد کیا۔
فقیر محمد نے مزید کہا کہ مجھے تشدد سے علاقہ مکینوں نے بچایا، مجھے 15 والے اسپتال لے کر گئے لیکن پیسے نہ ہونے کی وجہ سے میرا میڈیکل نہیں ہوسکا۔
متاثرہ شخص نے یہ بھی کہا کہ میں نے دوبارہ 15 پر اطلاع دی تو انہوں نے مجھے تھانے آنے کا کہا ہے۔
ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض نے کہا ہے کہ متاثرہ شخص اب تک تھانے نہیں آیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ شخص سے رابطہ کرکے قانونی کارروائی کےلیے تھانے بلا رہے ہیں، واقعہ میں ملوث افراد سے کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔