لاہور ہائیکورٹ نے حکیم کی گریڈ 16 میں اپ گریڈیشن غیر قانونی قرار دینے کا حکم نامہ کالعدم قرار دے دیا۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے حکیم محمد ایوب کی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ہیلتھ سروسز نے نومبر 2018 میں حکیموں کی گریڈ 16 میں اپ گریڈیشن غیر قانونی قرار دی۔ حکیموں کی گریڈ 15 سے 16 میں ترقی فنانس ڈپارٹمنٹ کے 2016 کے نوٹیفکیشن کی روشنی میں کی گئی۔ 2018 میں ڈی جی ہیلتھ نے نوٹیفکیشن کا اطلاق حکیموں پر نہ ہونے کا حکم جاری کیا۔
محمد ایوب نے محکمے کے روبرو نظر ثانی کی درخواست دائر کی جس کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ جنوری 2021 میں ریٹائرمنٹ اور پنشن کے لیے اپلائی کرنے پر ایوب پر ترقی کی مد میں لیے گئے پیسے کا حساب دینے کا کہا گیا۔
ایوب کو جنوری 2016 سے جنوری 2021 کے دوران میں گریڈ 16 کی تنخواہیں واپس کرنے کا کہا گیا۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں ایوب کے پنشن جاری نہ کرنے کی تنبیہ بھی کی گئی۔
عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ درخواست گزار نے مجاز حکام کی اجازت سے جو لیا وہ واپس نہیں لیا جا سکتا۔ عدالت نے درخواست گزار کے پنشن پیپرز کا مرحلہ 60 یوم میں کرنے کا حکم دے دیا۔