کراچی میں ملیر کے علاقے الفلاح میں 2 طالب علم بھائیوں کو جعلی مقابلے میں زخمی کرنے کے معاملے میں ایس ایچ او الفلاح سمیت 3 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایس ایچ او اور اہلکاروں کے خلاف اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ الفلاح پولیس نے نوجوان فہیم اور نور محمد کو جعلی مقابلے میں زخمی کیا تھا جو مستونگ سے کراچی اپنے ماموں کے پاس رکنے کے لیے آئے تھے۔
دونوں طالب علموں کو پولیس حراست میں لینے کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی اور پولیس نے چند گھنٹوں بعد جعلی مقابلے میں نوجوانوں کو زخمی کر دیا تھا۔
اس واقعے پر ایس ایس پی کورنگی نے ایس پی لانڈھی کو تحقیقات کا حکم دیا تھا اور اب تحقیقات کے بعد ایس ایچ او اور 3 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔