وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو جب بھی آگے لے جانے کی کوشش کی تو سیاسی عدم استحکام اسے پیچھے لے گیا، ہم نے 75 سال ضائع کردیے ہیں لیکن ہم اگلے 25 سال ضائع کرنے کے متحمل نہیں کرسکتے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سی پیک کے ذریعے چین سے سرمایہ کاری لے کر آئے، پھر تبدیلی آئی جس نے سب پر پانی پھیر دیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے قیمتی خزانہ ایٹم بم نہیں، پاکستان کے نوجوان ہیں، اگر نوجوانوں کو اسکلز اور تعلیم دی جائے تو وہ پاکستان کو راکٹ کی طرح اوپر لے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2018 میں جب حکومت تبدیل ہوئی تو نوجوانوں کے منصوبے بھی بند کردیے گئے، دنیا میں بہت سارے ملک ہم سے آگے نکل گئے لیکن ہم پیچھے رہ گئے۔
احسن اقبال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جب 2047 میں 100 سال کا ہوگا وہ دنیا کی 10 بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا۔