پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں بندوق، بم اور تشدد کی قوتوں کو شکست دیں گے۔
خیبرپختونخوا میں نوجوان رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو 9 مئی جیسے یوم سیاہ کے منصوبہ سازوں کی سازشوں کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ نوجوانوں کا ووٹ کرے گا، نوازشریف نوجوانوں کو مستقبل کی قیادت اور فیصلہ سازی کے عمل میں آگے لانا چاہتے ہیں۔
قبل ازیں ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن اس حقیقت سے نہ صرف بخوبی آگاہ ہے بلکہ ہماری جماعت نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔