ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں آج چنئی میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہونگے، دونوں کپتانوں نے اسے ہائی پروفائل مقابلہ قرار دیا ہے۔
پاکستان نے چار میچوں میں صرف ایک کامیابی چین کے خلاف حاصل کی ہے۔
ملائیشیا کے خلاف اسے ناکامی جبکہ جاپان اور جنوبی کوریا کے خلاف اس کا میچ برابر رہا تھا۔
بھارت نے چار میں سے تین میچوں میں چین، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے خلاف فتح حاصل کی ہے، جبکہ جاپان سے میچ برابر کھیلا۔
پاکستانی کپتان عمر بھٹہ نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ میچ میں کوئی دباؤ نہیں ہوگا، ہم آل آؤٹ ہوکر کھیلیں گے، کھلاڑی پرجوش ہیں، یہ سخت میچ ہوگا۔
بھارتی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے میچ کو انتہائی شدت والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں گیم پلان پر فوکس اور اسمارٹ ہونا پڑے گا۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کے فل بیک عبداللّٰہ کی طبیعت بگڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کے کچھ ٹیسٹ کیے گئے اور بعد ازاں ڈسچارج کردیا گیا۔
ہیڈ کوچ محمد ثقلین کے مطابق عبداللّٰہ کی طبیعت بہتر ہے، میچ میں ان کی شمولیت کا فیصلہ فٹنس ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا۔