پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے جنرل سیکرٹری رانا محمود کا کہنا ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ ہمارے قائد میاں نوازشریف اور وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ملکی محب وطن جماعتوں کے تعاون سے 16 ماہ کے مختصر عرصے میں ملکی معیشت کو سنبھالا، ملک کو ڈیفالٹ ہونے بچایا اور آئینی مدت مکمل ہوتے ہی اپنی حکومت کو ختم کرتے ہوئے ملک میں انتخابات کی راہ ہموار کی۔
انہوں نے بتایا کہ فرانس میں مقیم کمیونٹی متحد ہے تاہم چند عناصر ایسے ہیں جن کی وجہ سے کمیونٹی منتشر نظر آتی ہے، 14 اگست کو (ن) لیگ شیڈول کے مطابق جشن آزادی کے پروگرام منعقد کرے گی۔
نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) فرانس کے جنرل سیکرٹری کا کہنا ہے کہ بعض عناصر یوم آزادی کے موقع پر بھی احتجاج کے نام پر ملک وقوم کے خلاف مظاہرہ کرکے کس کو خوش کرنا چاہتے ہیں-
انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدین گرفتار ہوئے عدالتوں سے سرخرو ہوئے مگر ہماری جماعت کے عہدیداروں اور کارکنوں نے بیرون ممالک ملک کے خلاف احتجاج نہیں کیا۔ ہم سب کو جمہوری سوچ کی طرف آگے بڑھنا چاہئے تاکہ ملک وقوم ترقی کی طرف گامزن ہو سکے۔
رانا محمود نے مزید کہا کہ جلد ہی میاں نواز شریف پاکستان پہنچ کر پارٹی کی قیادت کریں گے اور ان کی قیادت میں (ن) لیگ انتخابات میں کامیاب ہوگی۔