لاہور کے گنگا رام اسپتال میں ڈاکٹرز موبائل فون کی روشنی میں آپریشن کرنے پر مجبور ہوگئے، بجلی کی بندش کے دوران پیٹرول ختم ہونے پر جنریٹر بھی جواب دے گئے۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور کے گنگا رام اسپتال کے ڈاکٹروں نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موبائل فون کی روشنی میں مریض کی ٹانگ کی سرجری کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہےکہ بجلی کی بندش کے دوران جنریٹر کا پیٹرول بھی ختم ہوجاتا ہے، جس پر شدید گرمی اور حبس میں موبائل فون کی روشنی میں آپریشن کرنا پڑتے ہیں۔
دوسری جانب نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نگراں وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور سیکریٹری صحت کو انکوائری کی ہدایت کر دی اور کہا کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے۔
واقعے سے متعلق اسپتال انتظامیہ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال میں بجلی کی فراہمی معطل نہیں تھی، کسی نے آپریشن تھیٹر کے باہر لگا بریکر بند کرکے ویڈیو بنوائی، واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ترجمان گنگا رام اسپتال نے کہا کہ بتایا گیا بجلی چلی گئی اور جنریٹر میں ڈیزل بھی نہیں لیکن مریض کا آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وافر مقدار میں ڈیزل موجود ہے، اسپتال کے تمام جنریٹرز بھی فعال ہیں، ڈیزل اور بجلی کے تار چوری کرنے والے مافیا کے خلاف پہلے ہی انکوائری جاری ہے۔