• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیما حیدر کی بھارتی فلم کیلئے دیے آڈیشن کی ویڈیو وائرل

فوٹو، بھارتی میڈیا
فوٹو، بھارتی میڈیا

پاکستان کی سرحد عبور کر کے اپنے عاشق سچن مینا سے ملنے بھارت جانے والی 27 سالہ خاتون، سیما حیدر اب بھارتی فلموں میں نظر آئیں گی۔

بھارتی میڈیا پر کچھ روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سیما حیدر اور سچن مینا کو ہدایتکار امیت جانی کی جانب سے فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

اس حوالے سے اب سیما حیدر کی بھارتی فلم کے لیے دیے آڈیشن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں سیماحیدر کو ایک اداکار کے ہمراہ سین ریکارڈ کرواتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس سین میں دونوں کو فون پر گفتگو کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فلمساز امیت جانی نے حال ہی میں ممبئی میں اپنا فائر فاکس نامی پروڈکشن ہاؤس کھولا ہےاور اُنہوں نے سیما حیدر کو اپنی فلم میں مرکزی کردار کی پیشکش کی ہے۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، امیت جانی پہلے سیما حیدر کے ہندوستان میں رہنے کے حق میں نہیں تھے اور اُنہوں نے سیما حیدر کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا لیکن جب اُنہیں معلوم ہوا کہ سیما اور سچن کو خوراک اور بنیادی سہولتوں کی کمی کا سامنا ہے تو اُنہوں نے سیما اور سچن کو رومانوی فلم ’کراچی سے نوئیڈا‘ میں کام کرنے کی پیشکش کر دی جس کے بدلے میں وہ اس جوڑی کو معاوضہ بھی دیں گے۔

دوسری جانب، پروڈیوسر امیت جانی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ فلم میں پاکستانی لڑکی کو کاسٹ کرنے پر اُنہیں ہندو انتہاپسند گروپ بجرنگ دل کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے لگی ہیں۔