پاکستان کی سرحد عبور کر کے اپنے عاشق سچن مینا سے ملنے بھارت جانے والی 27 سالہ خاتون، سیما حیدر اب بھارتی فلموں میں نظر آئیں گی۔
بھارتی میڈیا ’انڈیا ٹائمز‘ کے مطابق سیما حیدر اور سچن مینا کو ہدایتکار امیت جانی کی جانب سے فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیما حیدر آج کل بھارت کا ٹرینڈنگ نام بنا ہوا ہے۔
سیما حیدر اور سچن مینا کی جانب سے گھر میں بھوک کے لالے پڑنے اور وسائل نہ ہونے سے متعلق بیان دینے کے بعد فلمساز امیت جانی نے اس جوڑی کی مدد کے لیے اِنہیں فلم میں کام کرنے کی آفر کی ہے جسے سیما حیدر نے قبول کر لیا ہے۔
سیما حیدر کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ہندوستان میں داخل ہونے کے بعد زندگی مشکل ہو گئی ہے، درحقیقت، اس مشکل کا سبب دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی ہے، میری وجہ سے سچن کی زندگی بھی مشکل ہو گئی ہے۔
ہمیں اس صورتحال میں روزی روٹی کمانے میں مشکلات کا سامنا ہے اور غربت اور مالی بحران دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بیان کے بعد فلمساز امیت جانی نے انہیں فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی ہے۔
فلمساز امیت جانی نے حال ہی میں ممبئی میں اپنا فائر فاکس نامی پروڈکشن ہاؤس کھولا ہے، امیت جانی نے سیما حیدر کو اپنی فلم میں مرکزی کردار کی پیشکش کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کا بتانا ہے کہ اس سے قبل امیت جانی سیما حیدر کے ہندوستان میں رہنے کے حق میں نہیں تھے اور اُنہوں نے سیما حیدر کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا لیکن جب اُنہیں معلوم ہوا کہ سیما اور سچن کو خوراک اور بنیادی سہولتوں کی کمی کا سامنا ہے تو اُنہوں نے سیما اور سچن کو فلم کی آفر کر دی جس کے بدلے میں وہ اس جوڑی کو معاوضہ بھی دیں گے۔