کراچی کے علاقے لانڈھی خرم آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حیدرآباد سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی گیارہ سال کی لڑکی بازیاب کرالی۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ لانڈھی پولیس کو ایک مکان میں نامعلوم لڑکی کی موجودگی کی اطلاع مددگار ون فائیو کے ذریعے موصول ہوئی جس کے بعد کارروائی کی گئی اور گھر کا تالا توڑ کر لڑکی کو بازیاب کرایا گیا۔
پولیس کے مطابق لڑکی کو گزشتہ روز حیدرآباد سے نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا، لڑکی کے والد نے مذکورہ مکان میں بیٹی کی موجودگی کی اطلاع مددگار 15 پر دی تھی۔
تلاشی کے دوران مکان میں کوئی شخص موجود نہیں تھا، گیارہ سالہ لڑکی کے مبینہ اغوا کا مقدمہ حیدرآباد کے ایک تھانے میں درج ہے۔
لانڈھی پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو صدر وومن پولیس اسٹیشن منتقل کرکے حیدرآباد کے متعلقہ تھانے کو آگاہ کردیا گیا ہے۔