• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی : آرٹس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام 76واں جشن آزادی ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 76ویں جشن آزادی کے موقع پر دو روزہ ’آزادی فیسٹیول‘ کا شاندار انعقاد کیاگیا۔ 

دو روزہ آزادی فیسٹیول میں میوزیکل کانسرٹ، آتش بازی، پرچم کشائی اور آزادی کیک کاٹا گیا۔

دوسرے روز فیسٹیول کا آغاز ڈھول شہنائی اور میوزیکل پرفارمنس سے ہوا، پیارے وطن کے 76ویں جشن آزادی کے موقع پر فیس پینٹنگ کے اسٹال پر شہریوں کا رش لگا رہا جبکہ سبز ہلالی پرچم تھامے بچے، بوڑھے اور نوجوانوں کا جوش و خروش قابل دیدتھا۔ 

آزادی فیسٹیول میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے دشمنوں کو لگتا ہے کہ پاکستان کے نوجوان اب پاکستان سے محبت نہیں کرتے، اپنے جھنڈے سے ان کا پیار، قائد اعظم محمد علی جناح سے ان کی محبت کم ہوگئی ہے۔ 

انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنی صفوں میں موجود دشمنوں کو نکال باہر پھینکنا ہے، گلگت بلتستان سے کشمیر اور گوادر سے لے کر بحیرئہ عرب تک سب ہمارا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وطن کی خاطر ہمیں پاکستانی پرچم تلے ایک ہونا ہے، آرٹس کونسل نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ کراچی کے شہریوں کے چہرے پر خوشی بکھیرے ، فیسٹیول میں معروف گلوکار وہاب بگٹی، سیف سمیجو، طفیل سنجرانی اور احسن باری کے علاوہ عابدہ حسین، امیر علی، شاہ رُخ، کامران ساگو، محمد زبیر، شبیر ضیا، مصطفی جان نے اسٹیج پر اپنی آواز کا جادو جگایا، عدنان ڈانس گروپ اور ایدھی ہومز سمیت آرٹس کونسل اکیڈمی کے طالب علموں نے بھرپور پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

دو روزہ فیسٹیول میں کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی سمیت گورننگ باڈی اراکین نے بھی شرکت کی۔ 

قومی خبریں سے مزید