پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کے پاس موقع ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پیدا کردہ تناؤ کی صورتحال کو ختم کرے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ توقع ہے کہ نگراں حکومت کے اقدامات سے سیاسی تناؤ کی صورتحال میں کمی آئے گی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بہتر یہی ہو گا نگراں سیٹ اپ میں ایسے لوگ آئیں جو واقعی غیرجانبدار ہوں تاکہ غیرجانبدار لوگ الیکشن کمیشن کی صحیح معاونت کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت بطور جذبہ خیرسگالی گرفتار خواتین کی رہائی کا اعلان کرے تو اچھی پیش رفت ہو گی، نگراں حکومت کو یقینی بنانا چاہیے کہ سابق وزیرِ اعظم کو قانون کے مطابق سہولیات ملنی چاہئیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی 180 سے زائد کیسز میں جکڑے ہوئے ہیں، وکلاء کی رسائی اور مشاورت ضروری ہے، ملک کی سب سے بڑی جماعت کے سربراہ کو قانون کے مطابق سہولیات کیوں نہیں دی جا رہی ہیں۔