لاہور ہائی کورٹ نے پیٹرول ڈلوانے کےلیے ہیلمٹ کی پابندی کے ڈپٹی کمشنر لاہور کے نوٹیفکیشن کی معطلی میں توسیع کردی۔
عدالت عالیہ لاہور میں جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری عرفان بشیر کی بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول دینے پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت سے تحریری جواب طلب کرلیا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اس کا گجر پورہ لاہور میں پیٹرول پمپ ہے، آئین پاکستان ہر شہری کو کاروبار اور سواری رکھنے اور چلانے کی اجازت دیتا ہے۔
درخواست گزار نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے بنیادی انسانی حقوق کے بر خلاف پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکلوں میں پیٹرول ڈلوانے پر پابندی غیر قانونی ہے۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ڈپٹی کمشنر کے نوٹیفکیشن سے پیٹرول پمپ مالکان کا کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے، استدعا ہے کہ نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت عالیہ لاہور نے کہا کہ کسی قانون کے بغیر محض ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے یہ کام نہیں چل سکتا، آئین اور قانون سے باہر کام کی اجازت نہیں دے سکتے۔
عدالت نے سرکاری وکیل سے مکالمے کے دوران کہا کہ اگر آپ آرڈیننس لانا چاہتے ہیں تو الگ معاملہ ہے۔