• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کور کمیٹی کی اندرونی لڑائی منظرِ عام پر آگئی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کی اندرونی لڑائی منظرِ عام پر آگئی۔

اس حوالے سے کور کمیٹی کے ممبر اور ترجمان لیگل افیئرز شیر افضل مروت نے  کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم اور کور کمیٹی کے غداروں نے میری جان خطرے میں ڈال دی ہے۔

شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی میں غداروں کی موجودگی کسی شک و شبہ سے بالاتر ہے، غداروں نے کور کمیٹی اجلاسوں کی ریکارڈنگ مخالفین اور میڈیا والوں تک پہنچائی۔

انہوں نے کہا ہے کہ لیگل ٹیم کی زوم میٹنگز کی تفصیلات اور ریکارڈنگز باہر کے لوگوں کے ساتھ شیئر کی گئیں، غداروں کے اس عمل نے میری زندگی اور آزادی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ میں پہلی بار روپوش ہوا ہوں اور مجھے کسی بھی وقت پکڑا جاسکتا ہے، اپنا تعاقب کرنے والوں کے بارے میں پارٹی کے لوگوں کو بتایا اور پیغامات بھی ریکارڈ کرائے۔

ان کا کہنا ہے کہ کل مجھے روپوش ہونا پڑا لیکن میں نے اپنا پیچھا کرنے والوں کی شناخت کرلی ہے، لاپتا ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کے لیے ان کے نام وکلا کے ایک گروپ کو بھیج چکا ہوں۔

شیر افضل مروت کا یہ بھی کہنا ہے کہ پارٹی کے قریبی حلقوں کے لوگوں پر بھروسہ کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، پارٹی کے متعلقہ افراد نے اجازت دی اور میں شکار ہونے سے بچ گیا تو جلد غداروں کے نام سامنے لے آؤں گا۔

ان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ناراضگی کے باوجود میں غداروں کی نشاندہی کروں گا، عمر ایوب نے اجلاس کے دوران ریکارڈ شدہ ورژن چلایا۔

شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ میں سیاست دان نہیں پروفیشنل وکیل ہوں، میں تفریح یا سسپینس کے لیے مزید دشمن بنانے کی خواہش نہیں رکھتا، پارٹی میں موجود غداروں کو چیلنج کرنے کے لیے بڑے حوصلے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے اور چاہے کچھ بھی ہو اپنی جنگ اکیلے ہی جاری رکھوں گا۔

قومی خبریں سے مزید