پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی اٹک جیل میں سہولیات میں اضافہ کر دیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق، عمران خان کو اٹک جیل انتظامیہ نے صبح ساڑھے 11 بجے ناشتہ کرنے کی اجازت دے دی اور روزانہ کی بنیاد پر پھل بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اُنہیں صبح سویرے بیرک سے نکل کر جیل کے احاطے میں چہل قدمی کرنے کی بھی اجازت ہے۔
اٹک جیل میں سابق وزیر اعظم کی بیرک 2/1 تبدیل کر کے بیرک نمبر 3 الاٹ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں تاحال شیو بڑھی ہوئی ہے، شیونگ کٹ فراہم کی گئی لیکن انہوں نے استعمال نہیں کی۔
واضح رہے کہ 5 اگست کو اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
توشہ خانہ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد اسی دن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا تھا اور اس وقت وہ اٹک جیل میں قید ہیں۔