کانرڈ ٹربل نے آج کراچی میں قائم امریکی قونصل خانے میں قونصل جنرل کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
انہوں نے حال ہی میں امریکی مشن کے نائب سربراہ اور 2020ء تا 2023ء میڈرڈ میں ناظم الامور کے طور پر خدمات انجام دیں۔
کانرڈ ٹربل نے میڈرڈ سے قبل واشنگٹن میں مغربی یورپ اور یورپی یونین کیلئے تین سال تک نائب معاون برائے وزارت خارجہ کی حیثیت سے کام کیا۔
وہ ایک سال تک فارن سروس انسٹیٹیوٹ میں ڈپلومیٹک ٹریڈ کرافٹ ٹریننگ اسکول کے سربراہ رہے جبکہ امریکا کے فنڈ برائے جرمن مارشل میں ایک سال تک سینئر رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
انہیں کیوبا کے دارالخلافہ ہوانا میں 2012ء تا 2015ء امریکی مشن کے نائب سربراہ کے ذمہ داریاں تفویض کی گئیں جس کے دوران انہوں نے امریکا اور کیوبا کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی سمیت وہاں امریکی سفارتخانے کو دوبارہ کھولنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس سے پہلے انہوں نے سینٹیاگو، پورٹو پرنس اور بغداد میں سفارتی ذمہ داریاں سرانجام دینے کے ساتھ جرمنی میں دو ادوار گزارے، جن میں سے ایک سال تک بون میں جرمن دفتر خارجہ میں سفارتی تبادلہ اور میونخ میں قونصل جنرل کے طور پر تین سال کا دورہ شامل ہیں۔
اس کے ساتھ کانرڈ ٹربل نے واشنگٹن ڈی سی میں کئی قائدانہ عہدوں پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔
کانرڈ ٹربل نے لویولا میری ماؤنٹ یونیورسٹی سے شعبہ تاریخ میں بیچلرز، جنوبی کیلیفورنیا یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز اور یو ایس نیشنل وار کالج سے قومی سلامتی کے مطالعہ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔
کانرڈ ٹربل خارجہ امور کی خدمات میں شامل ہونے سے قبل، جرمنی میں طالب علم اور ہنڈیورس میں رضاکار استاد تھے۔ انہیں ہسپانوی، جرمن، فرینچ اور ہیشنکریئول زبانوں پر عبور حاصل ہے۔
گلوکاری اور موسیقی سے چاہ رکھنے والے کانرڈ ٹربل نیشنل اکیڈمی آف ریکارڈنگ آرٹس اینڈ سائنسز (گریمی ایسوسی ایشن) کے سابق رکن بھی ہیں۔
کراچی میں امریکی قونصل جنرل کا عہدہ سنبھالنے اور پاکستان کے عوام کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 76ویں سالگرہ مناتے ہوئے انہوں نے تہیہ کیا ہے کہ وہ اقتصادی سرمایہ کاری، تجارتی تعاون اور سبز اتحاد فریم ورک کے فروغ کے ذریعے امریکا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ شراکت داری کو بڑھانے کے مشترکہ مقصد کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔