سعودی عرب چین کی طرف سے نیوکلیئر پاور پلانٹ تعمیر کرنے کی پیشکش پر غور کر رہا ہے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق چین کی نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن نے سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں قطر اور متحدہ عرب امارات کی سرحد کے قریب نیوکلیئر پاور پلانٹ تعمیر کرنے کی پیشکش کی ہے۔
چین کی وزارت خارجہ نے رپورٹ کی تصدیق نہیں کی لیکن ترجمان نے کہا کہ چین سعودی عرب کے ساتھ متعدد شعبوں میں مشترکہ تعاون جاری رکھے گا جن میں سول نیوکلیئر انرجی بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکا سے سول نیوکلیئر پروگرام میں تعاون کیلئے کہا تھا لیکن امریکی حکام نے شرط رکھی تھی کہ اگر یورینیئم کی افزودگی نہ کرنے اور ری ایکٹر میں پلوٹونیم کو دوبارہ زیر عمل نہ لانے پر معاہدہ ہوگیا تو ہم نیوکلیئر پاور ٹیکنالوجی دے دیں گے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اگر امریکا سے معاملات نہ بن سکے تو ولی عہد محمد بن سلمان چین کی سرکاری کمپنی کے ساتھ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر کام کیلئے تیار ہیں۔