نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مختلف سرکاری ملازمین کو مفت بجلی یونٹس کے معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
ایک بیان میں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ آج منعقدہ اجلاس میں پاور ڈویژن نے بریفنگ دی، مخلتف وفاقی وزراء سمیت سیکریٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف کے لیے توانائی اور خزانہ کی وزارتوں کو لائحہ عمل بنانے کا کہا۔
انوار الحق کاکڑ نے یہ بھی کہا کہ مختلف سرکاری ملازمین کو مفت یونٹس کے معاملہ پر بھی تفصیلی رپورٹ منگوائی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سرکاری دفاتر میں بجلی کے استعمال میں کمی کےلیے فوری اقدامات کیے جائیں گے، بجلی کے معاملات پر کل صوبوں کے ساتھ بھی مشاورت ہوگی۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ نگراں حکومت اپنے مینڈیٹ میں رہتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کرے گی۔