• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھلاپتی وجے کی اگلی نسل نے بھی فلم نگری میں قدم رکھ دیے

تھلاپتی وجے کی اگلی نسل نے بھی فلم انڈسٹری میں قدم رکھ دیے، اُن کے صاحبزادے جیسن سنجے مشہور پروڈکشن ہاؤس سے بطور ڈائریکٹر اپنا کیریئر شروع کرنے جارہے ہیں۔

50 سالہ تھلاپتی وجے اب تک 74 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، اُن کی 2 فلمیں زیر تکمیل ہیں، وہ اتنے مشہور ہیں کہ فلم نگری چھوڑ کر سیاست کا حصہ بھی بن سکتے ہیں۔

ماسٹر اور مارشل سمیت کئی سپر ہٹ فلمیں دینے والے تھلاپتی کے والد ایس اے چندرسیکھر بھی ساؤتھ فلم انڈسٹری کے نامور ڈائریکٹر ہیں۔

یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ تھلاپتی وجے کے بیٹے جیسن سنجے کیا اپنے دادا کی طرح سنیما کی دنیا میں جگہ بنا پاتے ہیں؟

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جیسن سنجے نے ہدایتکاری کی دنیا میں اپنے نئے سفر کےلیے تیاری کرلی ہے، وہ جس پروڈکشن ہاؤس سے اپنا ڈیبیو کرنے جارہے ہیں، وہ پہلے ہی روبوٹ2.0، رام سیتو اور پونین سلوان جیسی بڑی فلمیں بنا چکا ہے۔

تھلاپتی وجے کے صاحبزادے کی اتنے بڑے پروڈکشن ہاؤس سے ڈیبیو کی خبر نے لوگوں میں اُن سے متعلق توقعات بڑھادی ہیں اور وہ اس حوالے سے مزید تفصیلات کے منتظر ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پروڈکشن ہاؤس نے فی الحال اپنے منصوبے کی تفصیلات کو خفیہ رکھا ہوا ہے۔

دوسری طرف جیسن سنجے نے کہا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ انہیں میرا اسکرپٹ پسند آیا اور انہوں نے مجھے اسے عملی شکل دینے کی پوری آزادی دی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ہم اگلے مرحلے میں نئے چہرے اور تکنیکی ماہرین ڈھونڈ رہے ہیں، میں پروڈکشن ہاؤس کے مالکان کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے مجھے بڑی ذمے داری دی۔

جیسن سنجے نے اپنی ابتدائی تعلیم چینی کے امریکن انٹرنیشنل اسکول سے مکمل کی جبکہ وہ اعلیٰ تعلیم کینیڈا سے مکمل کی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید