• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم کی سیاسی جماعتوں کے انتخابی اخراجات کی حد مقرر کرنے کی تجویز

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو سیاسی جماعتوں کے انتخابی اخراجات کی حد مقرر کرنے کی تجویز دے دی۔

سیاسی جماعتوں سے مشاورت کےلیے ای سی پی میں سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس ہوا، ایم کیو ایم کے وفد نے فاروق ستار کی قیادت میں عام انتخابات، انتخابی ضابطہ اخلاق، انتخابی فہرستوں اور نئی حلقہ بندیوں پر مشاورت کی۔

ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ کراچی بڑا شہر ہے، وہاں پر ملک کے مختلف علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی ہوتی ہے، شہر کی آبادی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

ای سی پی میں مشاورتی عمل کے دوران ایم کیو ایم نے زور دیا کہ ملک میں نئی مردم شماری کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کو یقینی بنایا جائے۔

ایم کیو ایم وفد نے مزید کہا کہ ضلعی سطح پر حلقہ جات کی تعداد تبدیل ہوگی اور سیاسی تسلسل کو بھی برقرار رکھا جائے، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں عوام کی مناسب نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔

ایم کیو ایم نے ای سی پی کے روبرو کہا کہ افسران کے ٹرانسفر، غیرجانبدار افسران کی تعیناتی یقینی بنائی جائے تاکہ الیکشن شفاف ہوں، انتخابی عمل کے دوران بے ضابطگی پر افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

قومی خبریں سے مزید