• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاڈلے کی خاطر نواز شریف کو نااہل نہ کیا جاتا تو ملک میں خوشحالی ہوتی، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ لاڈلے کی خاطر نواز شریف کو نااہل نہ کیا جاتا تو آج مہنگائی نہیں پاکستان میں خوش حالی ہوتی۔ 

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز سے پنجاب ویمن ونگ کے عہدیداروں نے ملاقات کی، جس کے دوران خواتین کی عہدیداروں نے چیف آرگنائزر سے تنظیمی امور پر بات چیت کی۔

ملاقات میں شعبہ خواتین کے تنظیمی ڈھانچے اور سرگرمیوں سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ 

اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ شعبہ خواتین نے ہر سیاسی معرکے میں بہادری، نظریاتی وابستگی اور جرات کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اور نوجوانوں کو سیاست کا ہراول دستہ بنادیا ہے۔ نواز شریف نے ہر دور حکومت میں خواتین اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دیے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 سے 2018 کا وزیراعظم نواز شریف کا دور کم ترین مہنگائی اور تیز ترین ترقی کا دور تھا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ غربت اور مہنگائی کے اندھیرے اسی طرح ختم کریں گے جس طرح لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی۔ نواز شریف کے ہوتے ہوئے قوم کو مایوس اور ناامید ہونے کی ضرورت نہیں۔

ن لیگی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ مہنگائی 4 سال کے پروجیکٹ چیئرمین پی ٹی آئی کی وجہ سے ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاڈلے کی خاطر نواز شریف کو نااہل نہ کیا جاتا تو آج مہنگائی نہیں پاکستان میں خوش حالی ہوتی۔ قوم آج سوال پوچھے نواز شریف کو اقتدار سے الگ کر کے قوم کو مہنگائی کی سزا کیوں دی؟ 

مریم نواز نے مزید کہا کہ مہنگائی، بےروزگاری، غربت سے عوام کی آنکھوں میں آنسو لانے والے مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ہوگا۔

انکا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، مہنگائی سے نکلنے والے قوم کے آنسوﺅں کو خوش حالی کی ہواﺅں سے پونچھیں گے۔

قومی خبریں سے مزید