سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ملک میں چینی مہنگی ہونے پر ردعمل دے دیا۔
ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک میں چینی وافر مقدار میں موجود ہے، چینی کا مہنگا ہونا بےایمان کاروباری طریقوں اور ناقص گورننس کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں 23 لاکھ میٹرک ٹن چینی موجود ہےجبکہ نیا کرشنگ سیزن16 نومبر سے شروع ہوگا، جس کے آغاز میں 10 لاکھ میٹرک ٹن چینی اور مل جائے گی۔
سابق وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کرنے کی جو اجازت دی تھی، اُس سے 125ملین ڈالرز کا فارن ایکسچینج ملا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں چینی کے ذخائر سے متعلق فالس الارم کی کوئی ضرورت نہیں، چینی کی قیمت میں اضافہ ذخائر کی پوزیشن کی عکاسی نہیں کرتا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ چینی وافر مقدار میں موجود ہے، ملک میں چینی کی ماہانہ کھپت 5 لاکھ میٹرک ٹن سے کچھ زیادہ ہے۔