• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینڈی میں ہونے والے پاکستان اور بھارت کے میچ میں فاسٹ بولرز کی عمدہ بولنگ کی شعیب اختر نے تعریف کردی۔

پالی کیلے اسٹیڈیم میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم ابتداء میں ہی اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب شاہین شاہ آفریدی نے 2 بھارتی بلے بازوں کو بولڈ کر کے پویلین کی جانب روانہ کیا۔

ایشیا کپ میں گروپ اے کے ہائی وولٹیج مقابلے میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہیت شرما کو 11 رنز پر بولڈ کیا۔

اننگز کے چھٹے اوور میں پاکستانی فاسٹ بولر  شاہین آفریدی نے ویرات کوہلی کو 4 رنز پر بولڈ کرنے کے بعد بھارت کی دوسری وکٹ بھی حاصل کرلی۔

 حارث رؤف نے حریف ٹیم کی تیسری وکٹ شریاس ایئر کو 14 رنز پر کیچ آؤٹ کرواکر حاصل کی اس وقت بھارتی ٹیم نے 48 رنز اسکور کیے تھے۔

48 پر بھارت کے تین کھلاڑی آؤٹ ہونے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر کافی خوش نظر آئے اور اس موقع پر انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے حارث اور شاہین شاہ آفریدی کی تعریف کردی۔

اپنے ویڈیو پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ کتنے لوگ تھے بھائی؟  تین؟ تین میں سے دو تو شاہین شاہ کھا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویلڈن، ویلڈن حارث۔ پریشر جاری رکھیں، پاکستانی بولنگ اور بھارتی بیٹنگ کا مقابلہ تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید