واپڈا کے سمیع اللہ خان اور فائقہ ریاض پاکستان کے تیز ترین مرد اور خاتون ایتھلیٹ بن گئے۔
امریکا سے آئی ایتھلیٹ نورین حسین نے ویمن پول والٹ میں آرمی کے لیے گولڈ میڈل جیتا۔
نیشنل گیمز کا سب سے اہم ایونٹ ایتھلیٹکس اور اس کا سب سے اہم مقابلہ 100 میٹر دوڑ پیر کو ہوا۔
مردوں کی 100 میٹر دوڑ میں رنرز کے درمیان سخت معرکہ آرائی ہوئی، واپڈا کے سمیع اللہ خان نے 10 عشاریہ 30 سیکنڈز میں فاصلہ طے کرکے پاکستان کے تیز ترین مرد ایتھلیٹ ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ آرمی کے عثمان اور راشد ریاض نے سلور اور برانز میڈل جیتا۔
خواتین کی 100 میٹر میں واپڈا کی اولمپئن فائقہ ریاض کامیاب رہیں اور فاصلہ 11 عشاریہ 7 سیکنڈز میں طے کرکے پاکستان کی تیز ترین خاتون ایتھلیٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
ایچ ای سی کی خاولہ عمر نے سلور، آرمی کی تامین خان نے برانز میڈل جیتا۔
پاکستان نیوی اسپورٹس کمپلیکس میں پیر کو ہونے والے ایتھلیٹکس ایونٹ میں جیولین تھرو کا ایونٹ بھی سب کی توجہ کا مرکز بنا رہا، جس میں پاکستان کے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم ایکشن میں تھے۔
ارشد ندیم نے 81 عشاریہ 81 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا، یاسر سلطان نے سلور اور ابرار نے برانز میڈل جیتا۔
خواتین کی پول والٹ میں امریکا سے آئی ایتھلیٹ نورین حسین نے پاکستان آرمی کی نمائندگی کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا، نورین نے 2 عشاریہ 90 میٹر کی جمپ کے ساتھ یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
ایتھلیٹکس کے دیگر مقابلوں میں واپڈا کی ماریہ نے خواتین کی 10 ہزار میٹر، آرمی کے طلحہ سلیم نے اسٹیپل چیز، نیوی کے انصر عباس نے لانگ جمپ، واپڈا کی نورین فاطمہ نے خواتین کی ہائی جمپ، آرمی کے جمشید علی نے مردوں کے شاٹ پٹ اور محمد اختر نے مردوں کی 5 ہزار میٹر دوڑ جیت لی۔
ایتھلیٹکس ایونٹ میں منگل کو بھی مزید 12 گولڈ میڈلز کے فیصلے ہوں گے۔