کوئٹہ میں امداد چوک کے قریب ایک ٹرک پر فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔
کوئٹہ پولیس کے مطابق امداد چوک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کے معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں، فائرنگ سے ہلاک شخص کی لاش سول اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
اس ضمن میں کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ کسٹم کی موبائل ٹیم اسمگلروں کا پیچھا کر رہی تھی، جس نے ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ٹرک کو روکنے کی بجائے اسمگلرز نے کسٹم کی موبائل ٹیم پر فائرنگ کر دی۔
کسٹم حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ کسٹم کی موبائل ٹیم نے ٹرک کے ٹائروں پر فائرنگ کی، جبکہ اسمگلرز کی فائرنگ سے دوسری گاڑی میں موجود ان کا اپنا ساتھی ہلاک ہوا ہے۔
کسٹم حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسمگلرز فائرنگ کے بعد ٹرک چھوڑ کر دوسری گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہو گئے۔