گلشن حدید کے نجی اسکول میں پرنسپل کی جانب سےخواتین سے زیادتی کے معاملے پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن رفیعہ ملاح کا کہنا ہے کہ وزیر تعلیم سندھ رعنا حسین کی ہدایت پر 4 رکنی انکوائری کمیٹی قائم کی گئی ہے، کمیٹی ڈپٹی ڈائریکٹر قربان بھٹو کی سربراہی میں بنائی گئی ہے۔
رفیعہ ملاح نے کہا کہ کمیٹی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ممتاز قمبرانی، زید مگسی، جاوید قاضی شامل ہیں، انکوائری کمیٹی کل اسکول کا دورہ کرکے تفصیلات حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حقائق اور کمیٹی کی سفارشات پر مزید کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ کراچی کے علاقے گلشن حدید میں نجی اسکول کے پرنسپل کو زیادتی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر حسن سردار کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے، ملزم کے دفتر سے ملنے والی زیادتی کی 25 ویڈیوز ضبط کرلی گئیں۔