سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) نے پرویز الہٰی کی مسلسل اور غیر قانونی گرفتاریوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ایس سی بی اے اعلامیہ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے واضح احکامات تھے پرویز الہٰی کو گرفتار نہ کیا جائے، بار بار گرفتاریاں سنگین ناانصافی، عدالتی احکامات کے تقدس کی بھی خلاف ورزی ہے۔
سپریم کورٹ بار کا کہنا ہے کہ بار بار گرفتاریاں اختیارات کے انتہائی غلط استعمال کی پریشان کن عکاس ہیں، گرفتاریوں کا عمل قانون کی حکمرانی کے خلاف اور عدالتوں کی نافرمانی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ بار بار گرفتاریاں آئین میں درج بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔
سپریم کورٹ بار نے کہا کہ مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) قانون ڈریکونین قانون ہے جس کا غلط استعمال کیا گیا ہے، ایم پی او قانون کا وہاں بھی استعمال کیا گیا جہاں حالات حقیقی طور پر موجود نہیں تھے۔
سپریم کورٹ بار نے مزید کہا کہ طاقت کا غلط استعمال جمہوری معاشرے کی بنیادوں کو بھی کمزور کرتا ہے، تمام ادارے قانون کی حکمرانی، انصاف کے اصولوں، عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں۔