امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ روز بات کی جاتی ہے کہ اضافی ٹیکس کے علاوہ بھی کیا کیا جا سکتا ہے، ہم نے اس اہم مسئلے پر تجاویز لی ہیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی جس میں نوجوانوں کے لیے جماعتِ اسلامی کے پروگرام ’بنو قابل‘ کی پریزینٹیشن پیش کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج بات کریں گے کہ کس طرح ملک کو مسائل سے باہر نکالا جا سکتا ہے، جماعتِ اسلامی کے زیر اہتمام ’بنو قابل‘ پروگرام امید کی کرن ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’بنو قابل‘ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
پروگرام ’بنو قابل‘ کے سربراہ نوید علی بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب لوگوں نے رابطہ شروع کیا تو معلوم ہوا کہ روزگار کا مسئلہ اہم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بے روزگاری کا مسئلہ حل کرنے کے لیے 15 ہزار نوجوانوں کو کورسز کروائے، 10 ستمبر کو تمام کامیاب نوجوانوں کو سرٹیفکیٹ دیں گے۔
سربراہ ’بنو قابل‘پروگرام نوید علی بیگ کا مزید کہنا ہے کہ ’بنو قابل‘ کے دوسرے پروگرام میں کورسز کی تعداد 6 سے بڑھا کر 15 کی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’بنو قابل‘ کے دوسرے پروگرام کے لیے کیمپس کی تعداد بڑھا کر 25 کر دی گئی ہے، جہاں 45 ہزار نوجوان تعلیم حاصل کرسکیں گے۔