سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے داماد، مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی دور اندیشی تھی جس نے فیڈریشن کو بچا لیا۔
یہ بات انہوں نے گوجرانوالہ کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی ہے۔
کیپٹن (ر) محمد صفدر کا اپنے سسر کے حوالے سے یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف الیکشن سے پہلے وطن واپس آئیں گے۔
دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ گوجرانوالہ کی عدالت نے کیپٹن (ر) محمد صفدر اور سابق ایم پی اے عمران خالد بٹ کے خلاف کیس کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
کیپٹن (ر) صفدر اور عمران خالد بٹ دورانِ سماعت عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیلِ صفائی اور سرکاری وکیل نے دلائل مکمل کر لیے جس کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا اور سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں پر ریاستی اداروں کے خلاف تقاریر اور بغاوت کے الزامات کا مقدمہ درج ہے۔