بالی ووڈ کے معروف اداکار جیکی شیروف نے’انڈیا‘ کا نام ’بھارت‘ رکھنے پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔
جیکی شیروف نے حال ہی میں نئی دہلی میں پلینٹ انڈیا مہم میں شرکت کی جہاں اُن سے صحافیوں نے ’انڈیا‘ کا نام تبدیل کرکے ’بھارت‘ رکھنے کے بارے میں سوال پوچھا۔
اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک پہلے بھی’بھارت‘ کہلاتا تھا تو ’بھارت کو اگر کوئی’بھارت‘ کہے تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ لوگ مجھے بھی مختلف ناموں سے پکارتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ تو نہیں ہے کہ میں بدل گیا ہوں۔
جیکی شیروف نے کہا کہ صرف نام بدلے گا، ہم لوگ تھوڑی بدلیں گے۔
واضح رہے کہ مودی حکومت نے بھارتی آئین میں انڈیا کا نام تبدیل کر کے ’بھارت‘ رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے مودی حکومت پارلیمنٹ کے آئندہ سیشن میں تجویز سامنے لاسکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، بھارتی پارلیمنٹ کا سیشن 18 سے 22 ستمبر تک جاری رہے گا جس میں بھارتی آئین میں انڈیا کا مطلب بھارت میں ترمیم کی جائے گی اور اس کا نام صرف ’ری پبلک آف بھارت‘ رکھا جائے گا۔