پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ کی مداح کے ساتھ فلرٹنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
اس ویڈیو کو خاتون مداح نے خود فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے۔
اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ’مجھے ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ ایک بھرے ہال کے سامنے فہد مصطفیٰ نے میری تعریف کی‘۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امریکا میں منعقد ایک تقریب میں خاتون مداح فہد مصطفیٰ سے پاکستان سلیبرٹی کرکٹ لیگ (PCCL) سے متعلق سوال پوچھتے ہوئے انہیں ’فہد بھائی‘ کہہ کر پکارتی ہیں۔
اداکار نے مداح کے ’بھائی‘ کہنے پر مسکراتے ہوئے کہا ’آپ مجھے بھائی تو نہ کہیں‘۔
فہد مصطفیٰ نے مداح سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا ’ کیسی ہیں آپ؟ اور آپ کا سوال کیا تھا؟‘
مداح نے اپنا سوال دہرانا شروع کیا تو اداکار نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’آپ بات کرتی رہیں، آپ بہت خوبصورت لگ رہی ہیں‘۔
فہد مصطفیٰ کے تعریف کرنے پر مداح نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ منظر یہاں ہر کوئی ریکارڈ کر رہا ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور مداحوں کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔